گلبرگہ14اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)آج دوپہر گلبرگہ شمال اور شاہ بازار بلاک کانگریس کمیٹی کے دفتر میں کانگریس پارٹی کا اجلاس عام منعقد ہوا۔ گلبرگہ شمال کے صدر اور سابق صدر کوڈا ڈاکٹر محمد اصغر چلبل نے صدارت کی ۔ ڈاکٹر قمرالاسلام سابق وزیر نے خطاب کرتے ہوئے تمام کارکنوں کو پارٹی کے استحکام کے لئے سرگرم ہونے کا مشورہ دیا ، اُنہوں نے کہا کہ ضلع کے نگران وزیر اور ایچ کے ڈی آربی کے صدر کی معیاد کے دوران کروڑوں روپئے کی امداد جاری کی گئی ۔ شہر اور ضلع میں اسی امداد سے کئی ترقیاتی کام چلائے جارہے ہیں ۔ ہر وارڈ میں تمام کارکنوں کو متحد ہو کر کام کرنا چاہیئے ، اپنے اپنے گروپوں کو بھلاکر پارٹی کو مضبوط بنانے کا کام کیا جائے۔ اور آنے والے اسمبلی انتخابات کے لئے آج ہی سے تیاریاں شروع کی جائیں ہر ایک وارڈ میں کمیٹی قائم کی جائے ، اور پارٹی کی ذیلی تنظیموں، ایس سی ، ایس ٹی ، اقلیت، کمزور طبقات ، خواتین ، یوتھ اور این ایس یو آئی کے تمام سیلس اور یونٹوں کو مضبوط بنایا جائے اور ان تمام تنظیموں کو ترقیاتی کاموں سے عوام کو واقف کروانے کی مہم چلانی چاہیئے ۔ ہر پروگرام میں سبھی یونٹ اور کمیٹیوں کے عہدہ داران پابندی سے شرکت کریں۔
ڈاکٹر محمد اصغر چلبل نے اپنی تقریر میں کہا کہ کے پی سی سی اور اے آئی سی سی کی ہدایات کے مطابق ایک ہفتہ کے اندر تمام وارڈ کمیٹیوں کی تشکیل کی جائے ، ہر ماہ میں تین وارڈوں سمیت بلاک کمیٹی کا اجلاس عام طلب کیا جاتا ہے ۔ تمام کارپوریٹرس منظورہ کاموں کا آغاز کرتے وقت اس وارڈ کے تمام کارکنوں کو اس کی اطلاع دیں ۔ یلپّا نائیکوڈی، شیواجی سوریہ ونشی، لعل احمد، اسلم باجے، پربھولنگ، مہادیوی چوہان، عبدالقدیر چونگے، اسد علی انصاری، شفیق احمد، فیاض حسین، ملیکارجن ٹینگلی اور مئیر سید احمد نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اور کہا کہ الحاج قمرالاسلام نے شہر کو جو امداد منظور کروائی ہے اس کا صحیح استعمال کیا جائے اور اس کی بھر پور تشہیر کے ذریعے پارٹی کو مضبوط بنایا جائے۔ کے پی سی سی کی ہدایت کے مطابق ضلع کے نگران وزیر، اپنے دورے کے بارے میں متعلقہ ارکان اسمبلی اور بلاک کمیٹیوں کے صدر کو مطلع کریں۔ انہوں نے وارڈ کمیٹیوں کے اجلاس منعقد کرنے پر بھی زور دیا ۔آج کے اجلاس کی اطلاع دئیے جانے کے باوجود بعض عہدہ داروں اور ارکان نے شرکت نہیں کی انہیں وجہ بتاؤ نوٹس جاری کرنے کا متفقہ فیصلہ کیا گیا۔ ارکان نے بورڈ کارپوریشنوں میں وفادار کارکنوں کو نمائندگی نہ دئیے جانے پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ گلبرگہ ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی کے سینئر قائدین کے خلاف بھی عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ ان کے روئیے پر سنجیدگی سے بحث کی گئی ۔ الحاج قمرالاسلام اور محمد اصغر چلبل نے اس افراتفری کوبہت جلد دور کرنے کا تیقن دیا۔شہید فوجیوں کو خراجِ عقیدت:اجلاس میں کشمیر میں فوجیوں اور کانگریسی کارکنوں کی پاکستانی حملے میں ہلاکت پر دومنٹ کی خاموشی اختیار کر کے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ شاہ بازار بلاک کمیٹی کے صدر وجئے کمار،رمیش، حبیب، واحد علی فاتحہ خوانی، عادل سلیمان سیٹھ،اپّاراؤبینور،پرمودتیواری،اشوک نائیک،شاردابائی،گنگوبائی،شفیع ہنڈیکار، اجمل گولہ، افضال محمود، شیخ حسین ، کارپوریٹرس، سابق کارپوریٹرس اور بلاک کمیٹی کے عہدہ داروں نے اجلاس میں شرکت کی ۔